صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم

30 اگست 2018

sadaarti umeedwaron ke kaghzat namzadgi wapas lainay ka waqt khatam

اسلام آباد: صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہوگیا اور سہ پہر ایک بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق صدارتی امیدواروں کی حتمی فہرست آج سہ پہر ایک بجے جاری کی جائے گی اور اس سے قبل 12 بجے تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت مقرر تھا۔

صدارتی امیدوار امیر مقام کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کردیا۔

مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے امیر مقام پیپلز پارٹی کے سوا دیگر اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمان کے کورننگ امیدوار تھے۔

دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہوگیا اور امیر مقام نے کاغذات نامزدگی واپسی کے لیے تحریری آگاہ نہیں کیا، اب اگر وہ چاہیں تو ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے گزشتہ روز صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جس کے بعد ملک بھر سے جمع کرائے گئے 12 امیدواروں میں سے 4 کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے اعتزاز احسن، ڈاکٹر عارف علوی، مولانا فضل الرحمان اور امیر مقام کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے تھے۔

اپوزیشن صدر کیلئے متفقہ امیدوار لانے میں تاحال ناکام

اب تک اپوزیشن مولانا فضل الرحمان یا اعتزاز احسن میں سے کسی ایک نام پر متفق نہ ہو سکی جس کی وجہ سے تحریک انصاف کے عارف علوی کی جیت یقینی ہے۔

یاد رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے مشترکہ امیدوار لانے میں اپوزیشن جماعتیں تقسیم کا شکار ہیں، پیپلز پارٹی اپنے امیدوار اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی تاہم مسلم لیگ (ن) کو اعتزاز کے نام پر شدید تحفظات ہیں۔

چند روز قبل جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے صدارتی الیکشن کے لیے اعتزاز احسن کو دستبردار کرنے اوراپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے کی درخواست کی تھی جس پر سابق صدر نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت نے اس حوالے سے اپنے چیئرمین بلاول بھٹو Bilawal Bhutto زرداری سے رابطہ کیا اور صدارتی امیدوار کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا تاہم انہوں نے بھی اعتزاز احسن کے نام سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا

 61