جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو، دائر درخواستوں پر سماعت آج ہوگی

16 جولائی 2019

Supreme Court main Judge Arshad Malik case

سپریم کورٹ میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کی تحقیقات کے لیے دائر تین درخواستوں کی آج سماعت ہوگی۔

عدالت عظمیٰ میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہوگا جبکہ سپریم کورٹ کے احاطے اور ریڈ زون میں ایک ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ دائر تین درخواستوں میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، جج ارشد ملک، پیمرا اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ مبینہ ویڈیو کے ذریعے عدلیہ کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی، سپریم کورٹ معاملے کی تحقیقات کرے۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق سماعت کے موقع پر کورٹ روم نمبر 1 میں داخلے کے لئے ایس پی سیکیورٹی خصوصی پاسز جاری کریں گے جبکہ کمرہ عدالت میں صرف درخواست گزاروں اور ان کے وکلا کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ سپریم کورٹ کے احاطے اور ریڈ زون میں ایک ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔

دوسری جانب احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے وزارت قانون سے استدعا کی ہے کہ ویڈیو تنازع کے بعد انہیں اور ان کے اہلخانہ کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، حکومت فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے۔

 34