ضمیر پر ابھی بوجھ نہیں اس لیے استعفیٰ نہیں دے رہا: وزیر ریلوے شیخ رشید

15 جولائی 2019

Zameer par abhi bojh nahin Sheikh Rasheed

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرے ضمیر پر ابھی کوئی بوجھ نہیں اس لیے وزارت سے مستعفی نہیں ہو رہا۔

شیخ رشید کے 10 ماہ کے دوران ریلوے میں چھوٹے بڑے تقریباً 79 حادثات پیش آ چکے ہیں جس میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع اور ادارے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

چند روز قبل بھی اکبر بگٹی ایکسپریس رحیم یار خان میں ولہار ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

ریلوے میں یکے بعد دیگرے حادثات پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیر ریلوے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا۔

آج راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس آدمی نے گاجریں کھائیں اس کے پیٹ میں درد ہے، ہم نے نئی ٹرین چلائیں اُس پر فخر ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ نئے انجنوں میں سے اس وقت 28 انجن کھڑے ہیں لیکن کسی کا پردہ فاش نہیں کرنا چاہتا۔

اپوزیشن کی جانب سے استعفے کے مطالبے پر وزیر ریلوے نے کہا کہ میرے ضمیر پر ابھی بوجھ نہیں اس لیے استعفیٰ نہیں دے رہا۔

ن لیگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف Shehbaz Sharif پوری کوشش میں ہے کہ ان کی اور حمزہ کی بچت ہو جائے لیکن وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں جواب دے دیا ہے۔

مریم نواز Maryam Nawaz کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اللہ کی طرف سے ن لیگ پکڑ میں ہے اور مریم نواز Maryam Nawaz ویڈیو ویڈیو کھیل رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نے پہلے بھی ن لیگ کو مروایا ہے اور ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ آگے مزید مروا دے گی۔

پیش گوئی درست ہونے سے متعلق صحافی کے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ سوال آپ کا حق ہے اور جواب نہ دینا میرا اختیار ہے۔

 32