بھاگ کر جان بچائی، تمام کرکٹرز خیریت سے ہیں: کپتان تمیم اقبال

15 مارچ 2019

bhaag kar jaan bachaai, tamam cricketers kheriyat se hain : captain Tamim Iqbal

کرائسٹ چرچ: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں فائرنگ کے واقعے میں بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم بال بال بچ گئی۔ کپتان تمیم اقبال کا کہنا بھاگ کر جان بچائی، تمام کرکٹرز خیریت سے ہیں۔

فائرنگ کے وقت بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے مسجد میں موجود تھی، کھلاڑیوں نے بھاگ کر جان بچائی۔ واقعے کے فوراً بعد کپتان تمیم اقبال نے اپنے ٹویٹ میں کہا ٹیم کے تمام کھلاڑی محفوظ ہیں۔

بنگلہ دیشی کھلاڑی مشفیق الرحمان کا ٹویٹ میں کہنا تھا ہم بہت خوش قسمت رہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں محفوظ رکھا، ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ ایسا دوبارہ ہو۔

بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے بھی تمام کھلاڑیوں کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دہشت گردی کے واقعے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کل ہونیوالا تیسرا ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد پر فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، مسلح شخص نماز جمعہ کے بعد مسجد میں داخل ہوا اور خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ حملہ آور نے کئی بار گن ری لوڈ کی اور مختلف کمروں میں جا کر فائرنگ کرتا رہا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور اس دوران ہیلمٹ پر لگے کیمرے سے ویڈیو بناتا رہا اور انٹرنیٹ پر براہ راست دکھاتا رہا۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آڈرن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کا سیاہ ترین دن قرار دیا اور کہا مسجد پر فائرنگ کا واقعہ دہشتگردی ہے۔

پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے کر گاڑی سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ حکام نے آج کے دن کرائسٹ چرچ پر سفر کی پابندی لگا دی جبکہ لوگوں کو مساجد سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہر میں گرجا گھروں اور سکول بند کر کے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد کو گولیاں لگی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

 53