بچوں کو جسمانی معذوری کی آگہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی باربی ڈولز

13 فروری 2019

bachon ko jismani mazoori ki aagahi faraham karne ke liye khusoosi barbie dolls

معذوری کو شکست دینے اور اس حوالے سے بچوں میں آگہی پیدا کرنے کے لیے مقبول باربی ڈولز بھی اب مصنوعی اعضاء اور وہیل چیئرز کے ساتھ بنائی جائیں گی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق رواں برس جون میں باربی بنانے والی کمپنی ایسی گڑیا (ڈولز) متعارف کروائے گی جو مصنوعی اعضاء یا پھر وہیل چیئر کے ساتھ ہو گی۔

مصنوعی اعضاء اور وہیل چیئر کے ساتھ یہ خصوصی باربی ڈولز میٹل کمپنی اور 13 سالہ معذور کارکن جورڈن ریوس کے اشتراک سے بنائی جا رہی ہیں جو پیدائشی طور پر بائیں بازو سے محروم ہیں۔

ان ڈولز کا مقصد بچوں کو خوبصورتی کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کرنا ہے۔

میٹل کمپنی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’ایک برانڈ کے طور پر ہم فیشن ڈولز کے ذریعے جسمانی معذوری کے حوالے سے گفتگو کرسکتے ہیں اور مختلف طرح سے فیشن اور خوبصورتی کو اجاگر کر سکتے ہیں‘۔

کمپنی کے مطابق جسمانی معذوری کی آگہی کے لیے سب سے زیادہ وہیل چیئر والی باربی ڈول بنانے کی درخواست موصول ہوئی، جس کے لیے وہیل چیئرز بنانے والے ماہرین کے ساتھ کام کیا گیا۔

یہ کمپنی باربی ڈولز میں مصنوعی اعضاء اور وہیل چیئر سمیت اس کے ڈریم ہاؤس میں وہیل چیئر ریمپ بھی شامل کرے گی۔

باربی ڈول کی نئی لُک تمام معذور افراد کے حقوق کی نشاندہی بھی کرے گی تاکہ عام بچے بھی جسمانی معذوری سے آگاہ ہوسکیں۔

 106