’مشکل حالات میں گھبرانے والے نہیں

ٹیکسٹ نیوز - نیوز ایڈیٹر

22 دسمبر 2018

’مشکل حالات میں گھبرانے والے نہیں

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہ کہ مشکل حالات میں گھبرانے والے نہیں بلکہ مشکل حالات میں ہم ہمیشہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر اُبھرتے ہیں۔

بلاول ہاؤس کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کو مشکل وقت نہیں سمجھتا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ مشکل وقت وہ تھا جس کا سامنا بینظیر بھٹو نے کیا، بینظیر بھٹو نے ضیاء جیسے بدترین آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مشکل حالات سے گھبرانے والے نہیں ہیں بلکہ مشکل حالات میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر نکلتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف لگائے جانے والے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، جھوٹے دستاویزات کے ذریعے ہمیں ڈرایا، دھمکایا نہیں جا سکتا۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہم پر جتنا ظلم کیا جائے گا، ہم برداشت کا بھی اتنا حوصلہ رکھتے ہیں، ہم اِتنا برداشت کریں گے کہ ظلم کرنے والے تھک جائیں گے۔

27 دسمبر کو عوام سازشی عناصر کو شکست فاش سے ہمکنار کریں گے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کا یوم شہادت بھرپور عقیدت و احترام سے منائیں گے اور سی ای سی اجلاس کے دوران پارٹی کی نئی حکمت عملی تشکیل دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو عوام سازشی عناصر کو شکست فاش سے ہمکنار کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کو ون یونٹ کی جانب دھکیلنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف پانی و گیس بند، دوسری جانب صوبائی حکومت کو فنڈز بھی نہیں دیئے جاتے۔

انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کی حمایت میں مہم بھی چلائی گئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو 1973 کا آئین دیا، آمروں نے متفقہ دستور کا حلیہ بگاڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے 1973 کے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا، 18 ترمیم کے معاملے پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔

 42